خبرنامہ پاکستان

افغان مہاجرین کی واپسی پاکستان اورافغانستان کےمفاد میں ہے: وزیراعظم

لاہور: (اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف نے عالمی برادری پر مہاجرین سے متعلق جامع پالیسی تشکیل دینے پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے اکنامک اینڈ سوشل کونسل چیمبر سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی واپسی پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے۔ عالمی امداد کی کمی کے باوجود پاکستان کی میزبانی میں کوئی کمی نہیں آئی ۔ اقوام عالم کو نقل مکانی اور جبری ہجرت کی وجوہات کا بھی جائزہ لینا ہو گا۔ اس سے پہلے وزیر اعظم نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے امریکی وزیر خارجہ کو آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذکر کیا اور صدر کلنٹن کا وعدہ یاد دلایاکہ امریکا تنازع کشمیر حل کرنے میں اہم کردار ادا کریگا۔ وزیر اعظم سے نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جان کی نے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے سلامتی کونسل کے مستقبل رکن ممالک کی قیادت کو خط لکھا ہے۔ جس میں رہنماوں سے بھارتی بربریت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ نواز شریف نے بتایا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں اور مسئلہ کشمیر کے باعث عالمی امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔