خبرنامہ پاکستان

اقتصادی راہداری خطے کی تقدیر بدلنے والا منصوبہ ہے: نوازشریف

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بجلی، گیس اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہے، حکومت ملک سے بجلی اور گیس کی کمی دور کرنے کے لئے کوشاں ہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل نہ صرف پاکستان کے لئے گیم چینجرہوگی بلکہ اسسے خطے کی تقدیر بدل جائیگی، ،ہمارے تمام اقدامات کا مقصد عوام کی خوشحالی ہے، حکومت ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔وہ ہفتہ کو یہاں ایوان وزیر اعظم ہاوس میں سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے جاری منصوبوں سے لوڈشیڈنگ ختم ہوگی، ملک میں امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے، امن وامان کی صورتحال میں بہتری سے نہ صرف مقامی بلکہ عالمی تاجر برادری بھی مستفید ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹیکس محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔حکومت ملک سے بجلی اور گیس کی کمی دور کرنے کے لئے کوشاں ہیں،حکومت نے توانائی کے شعبہ میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے جس سے نہ صرف لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا بلکہ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو سستی بجلی میسر آئے گی، بجلی کی پیداوار میں اضافہ اور نرخوں میں کمی کا فائدہ معیشت کو ہوا ہے اورزرمبادلہ کے زخائر 20ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اعتماد میں اضافہ حکومت کی طویل المدت اقتصادی استحکام کی جانب مثبت پیش رفت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کے شعبہ میں اصلاحات سے معیشت میں بہتری آئے گی۔عالمی مالیاتی منڈیوں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے،ہمارے تمام اقدامات کا مقصد عوام کی خوشحالی ہے، حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے سے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور غربت کے خاتمہ میں مدد ملیگی ۔اس موقع پر راجہ ظفرالحق نے وزیراعظم نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انکا ترقی اور خوشحالی کا ایجنڈا ملک کوموجود درپیش مسائل کے گرداب سے نکالے گا۔