خبرنامہ پاکستان

الیکشن کمیشن کاعام انتخابات کےلیےافسران کی تربیت کا فیصلہ، نصاب تیار

اسلام آباد:(اے پی پی) الیکشن کمیشن نے جوڈیشل انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں کی گئی کوتاہیوں کو تسلیم کرتے ہوئے افسران کی تربیت کے لیے نصاب تیار کرلیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جوڈیشل انکوائری کمیشن کی رپورٹ پرمیں کی گئی کوتاہیوں کو تسلیم کرلیا گیا ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے جوڈیشل انکوائری کمیشن کی سفارشات پرعملدرآمد شرو ع کردیا ہے۔ جوڈیشل انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں افسران کی تربیت نہ ہونے کی نشاندہی پراب الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے تربیتی نصاب تیار کرلیا ہے۔ عام انتخابات 2018 کی تیاریوں کے تناظر میں تاریخ میں پہلی بارالیکشن کمیشن افسران کو تربیت دی جائے گی، الیکشن کمیشن تمام ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز، ریجنل الیکشن کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹرزاور ڈائریکٹرز کو تربیت دے گا جب کہ افسران کو انتخابی امور، انتخابی قوانین اور بجٹ سمیت دیگرمعاملات پر تربیت دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن گریڈ 17 سے 19 تک کے 350 افسران کو تربیت دے گا جہاں پہلے مرحلے میں افسران کی تربیت کا آغاز 15 اگست سے شروع ہوگا، پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں کے 28 افسران تربیت حاصل کریں گے جب کہ ان افسران کی تربیت الیکشن کمیشن کے اپنے 18 ماسٹر ٹرینردیں گے۔