خبرنامہ پاکستان

امریکی صدر کا بیان افسوس ناک ہے، ڈاکٹرمصدق ملک

امریکی صدر کا بیان افسوس ناک ہے، ڈاکٹرمصدق ملک

اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور مسلم لیگ (ن ) کے رہنما ڈاکٹرمصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان نے جس طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی طاقتوں کا ساتھ دینیکے جواب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان افسوس ناک ہے، ہم خطے کے اندر امن چاہتے ہیں اور ایسا امن چاہتے ہیں جو افغانستان کی عوام کی خواہشات سے مطابقت رکھتا ہو۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی شمولیت اپنے ملک میں امن اور اپنے بچوں کی بہتری کے لئے ہے کسی اور ملک کے لئے نہیں ، ہمیں کسی ملک کی مدد بھی نہیں چاہیئے ، ہم کسی بھی ملک کی تمام امن پسند فورسز کے ساتھ تعاون کرنا چاہیں گے لیکن ہمیں اپنے بچوں کی حفاظت کرنا آتی ہے اور وہ ہم کریں گے۔

……………………….

اس خبر کو بھی پڑھیے…پیپلزپارٹی نے تحریک التواء قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی

اسلام آباد(ملت آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے حوالے سے تحریک التواء قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ہے ۔ بدھ کو پیپلز پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی سید نوید قمر ، ڈاکٹر نفیسہ شاہ ، شازیہ مری ، نواب محمد یوسف تالپور ، اعجاز جاکھرانی اور سید غلام مصطفیٰ شاہ کی طرف سے تحریک التواء جمع کرائی گئی ۔ تحریک التواء میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان کے حوالے سے حالیہ بیان نہایت توہین آمیز اور بے بنیاد ہے ۔ اس کا مقصد پاکستان کی کردار کشی اور اس کو دہشت گردی کا حامی ظاہر کرنا ہے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے تحریک التواء میں مزید کہا کہ ٹرمپ کو ایسے بیانات دینے کی بجائے ہماری دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے لازوال قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے۔ امریکا، افغانستان اور مشرق وسطیٰ میں اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے ایسے من گھڑت بیان دے رہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ہے ۔ امریکی امداد پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی گئی قربانیوں کے مقابلے میں زرہ برابر بھی نہیں ہے۔ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے جو اپنے مفادات کا تحفظ بہتر طریقے سے کرنا چاہتا ہے اور ہمارا مفاد خطے میں امن کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے لہٰذا امریکی صدر کو ایسے بیانات دینے کی بجائے مشترکہ لائحہ عمل سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پیپلز پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ یہ نہایت اہم معاملہ ہے اس لئے اس کو ایوان کی کارروائی روک کر زیر بحث لایا جائے۔