خبرنامہ پاکستان

اندراج شدہ افغان مہاجرین کے قیام میں آئندہ سال 31 مارچ تک توسیع

اسلام آباد : (اے پی پی) وفاقی حکومت نے ملک میں مقیم اندراج شدہ افغان مہاجرین کے قیام کو آئندہ سال 31 مارچ تک توسیع دیدی ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس نے افغان مہاجرین سے متعلق پروف رجسٹریشن کارڈز اور سہ فریقی معاہدے میں توسیع کی منظوری دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغان ہمارے بھائی ہیں اور ہمیں بہت عزیز ہیں ان کی سہولت کیلئے مناسب اور ٹھوس اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے وزارت ریاستیں و سرحدی علاقہ جات کو ہدایت کی کہ افغان مہاجرین کے خدشات دور کرنے کیلئے مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتوں کی قومی قیادت اور افغان نمائندوں کے ساتھ وسیع البنیاد مشاورت کی جائے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ہم اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کو کسی بھی طرح ہراساں کیا جائے۔ وہ ہمارے مہمان ہیں اور ان کی واپسی کے منصوبہ جات اس طرح سے طے کئے جائیں گے کہ سرحد کے دونوں اطراف میں رہنے والے لوگوں کے ذہنوں میں کوئی غلط تاثر پیدا نہ ہو۔