خبرنامہ پاکستان

اْڑی میں حملے پر جذباتی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا‘ وی کے سنگھ

نئی دہلی (آئی این پی ) مقبوضہ کشمیر کےْ اڑی سیکٹر میں حملے کے بعد وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سرحدی علاقوں کی سکیورٹی کے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا ۔ نئی دہلی میں ہونے والے اجلاس کے بعد وزیر مملکت برائے خارجہ اْمور وی کے سنگھ نے کہا کہ موجود حالات میں کوئی بھی جذباتی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا ہے ۔اجلاس کے بعد وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے وزیر دفاع منوہر پاریکر، وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی سے حملے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر داخلہ کی قیادت میں ہونے والے اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال سمیت دفاع، فوج، اور نیم فوجی فورسز کے اعلیٰ افسران شامل تھے جنھوں نے راج ناتھ کو سکیورٹی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق حملے سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ممکنہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بھارت نے اْڑی میں ہوئے حملوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کی تھی جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ اس حملے میں ملوث نہیں ہے۔ ادھر امریکی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ 18 ستمبر کی صبح کشمیر میں انڈیا کے فوجی کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے محکمے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا: ’ہم حملے کا شکار ہونے والے افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ امریکہ دہشت گردی کے خلاف انڈیا کے ساتھ اپنی مضبوط شراکت کے عہد کا پابند ہے۔‘دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے بھی آڑ میں ہونے والے شدت پسند حملے کی سخت مذمت کی ہے۔