خبرنامہ پاکستان

اپوزیشن نے حکومت مخالف رابطے شروع کر دیئے

اسلام آباد: (اے پی پی) اپوزیشن جماعتوں نے حکومت مخالف تحریک میں شدت لانے کے لئے اگست کے آخر یا ستمبر کے شروع میں اپوزیشن جماعتوں کے لیڈرز کا گرینڈ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ستمبر میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے بیک وقت سڑکوں پر آنے کی حکمت عملی پر کام ہونے لگا ہے۔ تحریک انصاف، عوامی تحریک، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ق سمیت تمام جماعتیں ستمبر کی تیاری میں مصروف ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ جنہیں قومی مشاورتی کانفرنس میں تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، کا کہنا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے میں ہوں، جلد اپوزیشن جماعتوں کے لیڈرز کے اجلاس کے لئے پرامید ہوں۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے اگست کے آخر یا ستمبر کے شروع میں اپوزیشن جماعتوں کے لیڈرز کا اجلاس ہو گا۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ان کا تحریک انصاف، جماعت اسلامی، مذہبی قیادت اور عوامی تحریک سے رابطہ ہو گیا ہے اور وہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔