خبرنامہ پاکستان

بجلی کا بڑا بحران اگلے 15 سال کے لیے حل ہوچکا، وزیراعظم

بجلی کا بڑا بحران اگلے 15 سال کے لیے حل ہوچکا، وزیراعظم

سیالکوٹ:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہےکہ حکومت نے 10 ہزار میگاواٹ کے منصوبے مکمل کیے جس سے بجلی کا بڑا بحران اگلے 15 سال کے لیے حل ہوچکا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سیالکوٹ ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ٹرمینل کا افتتاح کرنے پہنچے تو وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نےسیالکوٹ ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ٹرمینل کا افتتاح کیا تو اس موقع پر وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال اور مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب عباسی بھی موجود تھے۔ بعد ازاں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایئرپورٹ کا انٹرنیشنل ٹرمینل اس علاقے کے لیے سنگ میل ہے جب کہ ترقیاتی منصوبے علاقے کی قسمت بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موٹرویز اتنی ترقی دیں گے جو توقع سے باہر ہے، یہ نواز شریف اور (ن) لیگ کی محنت و وژن ہے، ورنہ اس سے پہلے حکومتیں پانچ سال سوچتی تھیں اور وقت ختم جاتا تھا لیکن اس حکومت نے کام سوچے، شروع کیے اور پھر ختم بھی کیے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نندی پور پروجیکٹ 2006 میں شروع ہوا، بدنامی ہماری ہوئی اور پورا ہم نے بھی ہم نے کیا، کسی کو توقع نہیں تھی، زنک آلود مشینری تھی اور کرپشن کا انبار تھا لیکن آج یہی پروجیکٹ بجلی پیدا کررہا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت نے 10 ہزار میگاواٹ کے منصوبے شروع ہوئے اور مکمل کیے، یہ پاکستان کے لیے ہمارا حصہ ہے، یہ صرف باتیں نہیں، بجلی کا بڑا بحران اگلے 15 سال کے لیے حل ہوچکا ہے، پوری امید ہے بجلی کی قیمت بھی کم ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب حکومت آئی تو ملک میں گیس نہیں تھی، انڈسٹری اور پلانٹس بند تھے، گھروں میں گیس کی قلت تھی لیکن آج ہر ایک کو جتنی گیس چاہیے وہ مل رہی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہ کہا کہ پچھلے چار پانچ سال میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی، مشکلات کے باوجود اور اس کی پرواہ کیے بغیر کام کیے جس کا نتیجہ سامنے ہے۔