خبرنامہ پاکستان

بشری مانیکا کے بیٹے کا اپنی والدہ کے بارے میں‌ حیران کن بیان

بشری مانیکا کے بیٹے کا اپنی والدہ کے بارے میں‌ حیران کن بیان

لاہور: (ویب مانیٹرینگ، ملت آن لائن) عمران خان کی ممکنہ تیسری اہلیہ اور روحانی مشیر بشریٰ مانیکا کے صاحبزادے موسیٰ مانیکا نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ پرہیزگار خاتون ہیں اور میں نے والدہ کو کبھی بغیر پردے کے گھر سے باہر جاتے نہیں دیکھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ والدہ اور والد کی علیحدگی میری والدہ اور ہمارے گھر کا معاملہ ہے اور میرے والد سے منسوب بیان بھی جھوٹا ہے۔ موسیٰ مانیکا نے مزید کہا کہ ان کی والدہ کے نکاح کی خبر ایک نجی ٹی وی چینل کی سازش ہے۔
بشریٰ بی بی کے سابق شوہر کی خود سے منسوب بیان کی تردید، نجی چینل کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

خاور فرید مانیکا نے بھی نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے منسوب بیان جھوٹا ہے اور ہمارے گھر کے بارے میں پھیلائی گئی خبریں تشویشناک ہیں۔ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے ہمارے گھر میں تنازع کی خبر جھوٹی ہے، بشریٰ مانیکا سے زیادہ متقی خاتون میں نے نہیں دیکھی، ایسی بے بنیاد خبروں نے ہمیں شدید تناؤ میں ڈالا ہے اور مجھے ایسی بے بنیاد خبروں سے شدید دکھ ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسی پرہیزگار خاتون کے بارے میں اس طرح کی باتیں افسوسناک ہیں۔

خاور فرید مانیکا نے مزید کہا کہ عمران خان کا ہمارے گھر سے روحانی تعلق ہے اور عمران خان جیسا شریف النفس آدمی میں نے کبھی نہیں دیکھا، ایسی خبروں کے بارے میں جو قانونی کارروائی ہو سکی کروں گا، واضح طور پر کہتا ہوں کہ مجھ سے منسوب خبریں بے بنیاد ہیں۔ واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر کی عمر تقریباً 61 برس جبکہ بشریٰ بی بی کی عمر تقریباً 50 برس ہے۔

یاد رہے کہ نجی ٹی وی چینل نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر سے منسوب بیان میں کہا تھا کہ خاور فرید مانیکا نے بتایا کہ عمران خان کی وجہ سے گھریلو ناچاقیوں میں اضافہ ہوا، سابق اہلیہ کی طلاق کی عدت پوری ہوتے ہی عمران خان نے انہیں شادی کی پیشکش کر دی۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی عمر تقریباً 65 برس ہے اور وہ اس سے قبل بھی دو بار عقدِ نکاح میں بندھ چکے ہیں تاہم، دونوں بار لمبی میرڈ اننگز نہ کھیل سکے اور پہلی بار تقریباً 10 برس بعد جبکہ دوسری بار تقریباً 10 ماہ بعد ہی ان کی شادی کی اننگز ختم ہو گئی تھی۔