خبرنامہ پاکستان

بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں:جام کمال

اسلام آباد :(اے پی پی) پٹرولیم وقدرتی وسائل کے وزیرمملکت جام کمال نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے دائر ریفرنس میں وزن نہیں،تحریک انصاف سیاسی مہم چلا رہی ہے ، بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ منگل کویہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے دائر ریفرنس میں کوئی حقیقیت نہیں اور نہ ہی ان میں کوئی وزن ہے، تحریک انصاف صرف سیاسی مہم چلا رہی ہے ، پی ٹی آئی ناکام گیم کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اسی طرح حصہ ہے جس طرح ملک کے دوسرے حصے ہیں۔ بلوچستان کے عوام نے 14 اگست جوش وجذبے کے ساتھ منایا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت اور دہشتگردی کے واضح ثبوت ہیں۔ پچھلے کچھ دنوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر امریکہ اور اقوام متحدہ کی جانب ردعمل آیا ہے جس کے نتیجہ میں بھارت پاکستان کے خلاف بلوچستان اور گلگت بلتستان کے حوالے سے بیانات دے رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھیں گا ۔