خبرنامہ پاکستان

بنگلہ دیش کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانے کے خواہاں ہیں،فاطمی

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں اس کے ساتھ تعلقات میں اضافہ چاہتا ہے۔ منگل کو یہاں بنگلہ دیش کے نئے ہائی کمشنر طارق احسان کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں حالیہ چیلنجوں کے حل کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ ہمیں اپریل 1974ء کے سہ فریقی معاہدے کے جذبے کے تحت آگے بڑھنا چاہیے۔اعلیٰ سطحی سیاسی وفود کے تبادلوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے نومبر 2014ء میں کھٹمنڈو میں سارک سربراہ اجلاس کے موقع پر دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات کاحوالہ دیا ۔ انہوں نے کہاکہ یہ ملاقات مفید رہی اور دونوں رہنماؤں کو دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کاجائزہ لینے اور علاقائی و عالمی ایشوز پر تبادلہ خیال کا موقع ملا۔ طارق فاطمی نے کہاکہ اعلیٰ سطحی روابط دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کی راہ ہموار کریں گے۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزیدفروغ دینے کیلئے ہائی کمشنر کو حکومت پاکستان کے مکمل تعاون کایقین دلایا۔