خبرنامہ پاکستان

بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے،وزیراعظم

نیویارک (آئی این پی )وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بندکرے، بھارت کو کشمیریوں کی خواہش کا احترام کرنا ہوگا ، کشمیروں کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے، پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے ہر سطح پر ان کی حمایت جاری رکھے گا۔ نیو یارک پہنچنے کے بعد پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر نوجوانوں نے جدو جہد آزادی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ مسئلہ کشمیرکاحل اقوام متحدہ کی قراردادوں کیمطابق ہوناچاہیے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند کرنا ہونگی۔بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بندکرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی نسلیں جدوجہد آزادی کو آگے لے کر جارہی ہیں اور اس معاملے میں بھارت کو کشمیریوں کی خواہش کا احترام کرنا ہوگا۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013 کے پاکستان سے بہتر ہے۔پاکستان تیزی سے ایشیا کی ابھرتی معیشت کے طور پر سامنے آرہا ہے۔ دنیا پاکستان کو سیاسی لحاظ سے محفوظ اور معاشی لحاظ سے مضبوط سمجھتی ہے اور گزشتہ 3 سال میں ترقی کا عمل سب کے سامنے ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے پر توجہ مرکوز ہے اور ملک میں سلامتی کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ قومی اتفاق رائے سے آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان شروع کیا ہے اور ہم جلد ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر دیں گے۔ انھوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سلامتی کی خاطر بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ ہم کو توانائی بحران پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔وزیر اعظم کے کہا کہ توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے اور ہم اپنی حکومتی مدت ختم ہونے سے پہلے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرینگے۔اس سلسلے میں انھوں نے بتایا کہ2018 کے اوائل میں 10 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی نظام میں شامل ہوگی تاہم ابھی ہم نے ملک بھر میں 850 ارب روپے کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کیے ہیں۔راہداری منصوبے کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی زون قائم ہوں گے۔ نئے زونز سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور ہر صوبہ اور خطہ ترقی کے عمل سے مستفید ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک نا صرف گیم چینجر ہوگا بلکہ اس سے خطے کی تقدیر بدلے گی اور پاکستان کے روشن مستقبل کی امید اسی وجہ سے ہے۔ نیویارک میں پاکستان کمیونٹی سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان قومی اتفاق رائے سے شروع کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہورہا ہے، ملک میں امن و سلامتی کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔ وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس میں شرکت کے لیے اتوار کو امریکہ پہنچنے ۔