خبرنامہ پاکستان

بھارت نےمقبوضہ کشمیرمیں اشیاء سپلائی کرنےکی پاکستانی پیشکش مسترد کردی

نئی دہلی: (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے لئے بھارت خود تو کچھ کرنے سے رہا، اشیاء سپلائی کرنے کی پاکستانی پیش کش بھی مسترد کر دی۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے ٹویٹ کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مقبوضہ کشمیر پر بات کرنے سے پہلے دیگر مسائل پر بات ہو گی۔ پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی بحالی کی خواہش پر سوارپ نے کہا کہ پاکستان پہلے ممبئی اور پٹھان کوٹ حملوں کی تحقیقات کرے، پھر مذاکرات ہونگے۔ سوارپ نے پاکستان سے کشمیری حریت پسند رہنماؤں کی حمایت بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ دوسری جانب بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک بار پھر پاکستان پر سرحد پار مداخلت کا بے بنیاد الزام لگا دیا ہے۔ بھارت کی جانب سے یہ سخت بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پاکستان نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔