خبرنامہ پاکستان

بھارت نےکولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرائن کےتحت کارروائی کی تیاری کرلی

اسلام آباد (آئی این پی )بھارت کا ایک اور جارحانہ اقدام سامنے آیا ہے جس میں کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرائن کے تحت کارروائی کی تیاری کر لی گئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے مخصوص اہداف پر حملے کی تیاری کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ۔پاکستان بھی بھر پور دفاعی رد عمل کے لیے تیارہے اور حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستان پہل نہیں کرے گا تاہم ریڈ لائن کراس نہیں کرنے دی جائے گی۔ آرمی چیف اور وزیر اعظم کی گفتگو میں قوم اور مسلح افواج کی ہر حملے کا زبردست جواب دینے کی صلاحیت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤخطرناک سطح کو چھو رہا ہے اور کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرائن کے تین درجوں میں سے پہلا مرحلہ بھارت نے مکمل کرلیا ۔ بھارتی فضائی فوج ایڈوانس اڈوں پر پہنچ گئی، اس کے علاوہ جنگ اور سرجیکل حملوں میں استعمال کیے جانے والے طیارے بھی اڈوں پر پہنچ چکے ہیں۔ اب صرف دو مرحلے باقی رہ گئے ہیں تاہم پاکستان نے اپنے دفاعی اور جوابی تدابیر کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔ اگر بھارت حملہ کرتا ہے تو فوری طور پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے یہ واضح کردیا گیا ہے کہ پاکستان کسی بھی حملے کا خاطر خواہ جواب دے گا اور اس کی صلاحیت رکھتا ہے۔