خبرنامہ پاکستان

بھارت نے 607بارلائن آف کنٹرول پرسیزفائرکی خلاف ورزی کی

اسلام آباد :(اے پی پی) بھارت نے گذشتہ اڑھائی سالوں کے دوران مجموعی طور پر 607بار لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں کیں ، جس میں 57شہری شہید ہوئے۔ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیرپر بات سے پہلے ہرسال لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی بھارت کا وتیرہ بن گئی ہے، گذشتہ اڑھائی برسوں میں بھارت نے چھ سوسات مرتبہ ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی، جن میں ستاون پاکستانی شہید ہوئے اعدادوشمار کے مطابق 2014ء سے اب تک بھارت نے سیز فائر کی خلاف ورزیاں زیادہ تر جولائی سے ستمبر کے دوران کیں، 2014ء کے دوران بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی 315بار خلاف ورزیاں کیں، جس میں 18شہری شہید اور 74زخمی ہوئے۔ سن 2015ء میں بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی 248بار خلاف وزریاں کیں، جس میں 39شہری شہید اور 150زخمی ہوئے۔ حالات اور واقعات کے مطابق بھارتی خلاف ورزیوں کا سلسلہ زیادہ تر جولائی اور ستمبر کے درمیانی عرصے میں نظر آیا، جن دنوں میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سیشن منعقد کئے جاتے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی 44بار خلاف وزریاں کیں ہیں ، جن میں سے 21 بار اسی عرصے میں کی گئیں۔