خبرنامہ پاکستان

تمام اقلیتیں پاکستان کی حفاظت اورترقی کےلئےمتحرک ہیں:خواجہ سعد

اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق اور سینیٹر کامران مائیکل کہا ہے کہ ملک میں بسنے والی تمام اقلیتیں پاکستان کی حفاظت اور ترقی کے لئے متحرک ہیں،وزیرا عظم نوازشریف کا وژن ملک بھر میں اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت اور بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کا فروغ ہے اور ہم اس مقصد کے حصول میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کر یں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے قومی اقلیتی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پرتگال کے ناظم امور جاؤپاؤلوسبیڈو کوسٹا ، اقلیتی ارکان اسمبلی اور دیگر مذہبی راہنماؤں نے بھی تقریب سے خطاب کیا اورملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی۔ ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کرکے ملک سے محبت کا ثبوت پیش کیا۔وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کو اپنی اقلیتی برادری پر فخر ہے، انہوں نے ملک پر آنے والے ہرمشکل وقت میں ایک محب وطن پاکستانی کی طرح ملک کی خدمت کی ہے۔ پاکستان میں اقلیت یا اکثریت کی بنیاد پر کوئی تقریق نہیں ، پاکستان کا آئین اوراسلام اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں ۔سینیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ پاکستان کی اقلیتوں کو ذات پات اور مذاہب کی تفریق کے بغیر پاکستان میں برابری کے حقوق حاصل ہیں اور ان کو کسی بھی بین الاقوامی پراپیگنڈہ پر توجہ نہیں دینی چاہئے ۔ پاکستان میں اقلیتیں محفوظ اور ملکی ترقی کیلئے متحرک اور سرگرم عمل ہیں ، آج کا یہ اجتماع ثابت کرتا ہے کہ اقلیتیں پاکستان سے والہانہ محبت کرتی ہیں ، انہوں نے ہمیشہ ملکی تعمیر وترقی میں اپنے مسلم بھائیوں کے ساتھ ملکر اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ قیام پاکستان سے اب تک اقلیتوں کی ملکی تعمیر وترقی کیلئے قربانیاں قابل تقلید مثا ل ہیں۔