خبرنامہ پاکستان

حج دورانیہ 30 سے 32 روز کرنے پر غور، پیکیج تبدیل نہیں ہوگا

حج دورانیہ 30 سے 32 روز کرنے پر غور، پیکیج تبدیل نہیں ہوگا

اسلام آباد: (ملت آن لائن) وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج پالیسی 2018 میں سرکاری حج سکیم میں حج کا دورانیہ کم کرکے 30 سے 32 دن کرنے کی تجویز کے باوجود حج پیکیج گزشتہ برس کا برقرار رکھا گیا ہے۔پہلے حجاج 40 سے 45 روز قیام کرتے تھے، عازمین کو مالی فائدہ نہیں دیا جائیگا۔ سرکاری سکیم کے تحت عازمین حج کا قیام 40 سے 42 دن تھا، قیام کی اس مدت کو ہر حکومت نے برقرار رکھا مگر موجودہ حکومت اپنے آخری حج میں سرکاری سکیم کے ایک لاکھ 20 ہزار حجاج کے لئے حجاز مقدس میں قیام کی مدت کم کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے مشاورت کررہی ہے۔ گزشتہ سال 2 لاکھ 80 ہزار اور 2 لاکھ 70 ہزار میں سرکاری سکیم کے حجاج نے 40 سے 45 دن قیام کیا اور رواں سال اسی پیکیج میں 30 سے 32 روز قیام ہوگا۔ ٹرانسپورٹ، تین وقت کا کھانا، رہا ئش گاہوں کے اخراجات میں دس دن کم کئے جانے کا فائدہ وزارت مذہبی امور اور حجاج کرام کو نہیں دیا جا رہا۔ عازمین حج کا موقف ہے کہ سرکاری سکیم کے تحت دن کم کرنے کے بجائے دن بڑھائے جائیں تاکہ حجاز مقدس میں زیادہ سے زیادہ وقت بسر کیا جاسکے۔