خبرنامہ پاکستان

حدیبیہ ریفرنس کا مقصد ملزمان کو دباؤ میں لانا تھا، سپریم کورٹ

سٹون کرشنگ

حدیبیہ ریفرنس کا مقصد ملزمان کو دباؤ میں لانا تھا، سپریم کورٹ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔ سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے سے متعلق نیب کی اپیل پر اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔ 36 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ریفرنس کا مقصد ملزمان کو دباؤ میں لانے کے سوا کچھ نہ تھا جب کہ ملزمان کو دفاع کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کیس کی دوبارہ تحقیقات نہ کرنے کے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے مطمئن ہیں تاہم ہائی کورٹ جج نے دوبارہ تحقیقات نہ کرانے کی وجوہات اپنے فیصلے میں بیان نہیں کیں، ریفرنس کو غیر معینہ مدت تک زیرالتوا رکھ کر قانونی عمل کی نفی کی گئی جبکہ ریفرنس کے وقت نیب پرعزم نظر نہیں آیا اور نیب نے ٹرائل کورٹ میں ملزمان کے خلاف ایک بھی گواہ یا ثبوت پیش نہیں کیا۔ تفصیلی فیصلے میں میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ سماعت کے دوران میڈیا کی جانب سے سنجیدہ رپورٹنگ کی گئی جبکہ کچھ میڈیا گروپس نے کیس میں دلچسپی رکھنے والے افراد کی رائے کو بھی شائع کیا۔ 15 دسمبر 2017 کو سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے خلاف حدیبیہ کیس کو دوبارہ کھولنے سے متعلق نیب کی اپیل مسترد کردی تھی۔ نیب نے 20 ستمبر 2017 کو یہ کیس دوبارہ کھولنے کےلیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس میں نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، شمیم اختر اور صاحبہ شہباز کو فریق بنایا گیا۔