خبرنامہ پاکستان

حکومت ایسا احتساب قانون بنانا چاہتی ہےجس سےکوئی بھی بالاترنہ ہو، عابد

اسلام آباد:(آئی این پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت ایسا احتساب قانون بنانا چاہتی ہے جس سے کوئی بھی بالاتر نہ ہو،تحریک انصاف نے اسلام آباد میں جو جن نکالنا تھا وہ نکال لیا،لاہور میں ان کی قربانی ہوگی۔وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ایک ایسا احتساب قانون بنایا جائے جس سے کوئی بھی بالاتر نہ ہو اور اب کا یکساں احتساب ہو تاکہ کرپشن کا باب ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا ماضی میں احتساب ہوتا رہا،ان پر طیارہ اغوا کا جھوٹا الزام لگایا گیا،ان کو خاندان سمیت جلا وطن کیا گیا،پھر بھی ان ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی،اس سے بڑی احتساب کی مثال نہیں ملتی۔عابد شیر علی نے کہا کہ تحریک انصاف نے اسلام آباد میں جوجن نکالنا تھا وہ نکال لیا،اب لاہور میں ان کی قربانی ہوگی،پورے پاکستان نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا،مسلم لیگ(ن) نے عام انتخابات 2013ء بلدیاتی انتخابات،ضمنی انتخابات اور حالیہ آزادکشمیر انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے،تحریک انصاف کو ان کے گھر پشاور میں ضمنی انتخابات میں شکست دے چکے ہیں،عمران خان جس راستے پر چل رہے ہیں یہ نہ ادھر کے رہیں گے نہ اٌدھر کے رہیں گے۔(خ م+ ار)