خبرنامہ پاکستان

خواجہ آصف کی آبی گزرگاہوں کے راستے میں تجاوزات ہٹانے کی ہدایت

اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمدآصف نے صوبوں اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے آبی گزرگاہوں کے راستے میں تجاوزات ہٹائی جائیں، محکمہ موسمیات اور واپڈا پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید بہتر بنائیں ، تجاوزات ہٹانے سے وقتی طور پرکچھ لوگ متاثر ہو سکتے ہیں لیکن اس سے ہزاروں افراد کی جانوں کو بچایاجاسکے گا ۔انہوں نے یہ ہدایت منگل کو یہاں فیڈرل فلڈ کمیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔انہوں نے کہاکہ یہ مقامی انتظامیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں جتنا جلد ممکن ہو تجاوزات ختم کرے۔ انہوں نے کہاکہ تجاوزات ہٹانے سے کچھ لوگ متاثر ہو سکتے ہیں لیکن اس سے ہزاروں افراد کی جانوں کو بچایاجاسکے گا ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت تجاوزات دور دور تک پھیلے ہوئے ہیں ۔تجاوزات کی وجہ سے ہی چترال میں حالیہ موسم برسات کے دوران بھاری نقصان ہواہے۔ خواجہ آصف نے فیڈرل فلڈ کمیشن کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عملدآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیااور فیڈرل فلڈ کمیشن کے حکام کو ہدایت کی کہ راولپنڈی میں سیلاب سے بچنے کیلئے واسا اور مقامی انتظامیہ کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ تیار کرے ۔ خواجہ آصف نے فلڈ کمیشن کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ نالہ لئی کا بھی دورہ کریں اور پنجاب حکومت کو اس حوالے سے رپورٹ پیش کریں ۔انہوں نے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈکے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقہ میں نالہ لئی کے ساتھ ساتھ تجاوزات کاخاتمہ کریں۔ انہوں نے وزارت پانی و بجلی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ موسمیات کیلئے ریڈار سسٹم کی خریداری میں مدد کریں ۔ محکمہ موسمیات کے نمائندے نے اجلاس کو بتایاکہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کی تھی کہ موسم برسات کے دوران جولائی ،اگست اور ستمبر میں ملک بھر میں معمول سے 10سے 20فیصد زیادہ بارشیں ہونے کاامکان ہے تاہم بارشیں معمول سے بھی 14 فیصد کم ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں معمول سے بارشوں کاملا جلا رجحان رہاہے جبکہ گلگت بلتستان میں تقریباً معمول کے مطابق بارشیں ہوئی ہیں تاہم آزاد جموں کشمیر میں بارشیں معمول سے کچھ کم رہی ہیں جبکہ بلوچستان اور سندھ کے ساحلی علاقے میں کم بارشیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ حالیہ رپورٹ کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں میں رواں ماہ اور آئندہ ماہ کے دوران ابھی بھی بارش کاامکان ہے۔ فیڈرل فلڈ کمیشن کے نمائندے کے کہاکہ موجودہ موسم کے دوران دریائے سندھ اور کابل میں نچلے اور درمیانے درجے کاسیلا ب دیکھنے میں آیاہے۔ صورتحال کنٹرول میں ہے اور کوئی ناخوشگوارواقعہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے بتایاکہ دریائے سندھ کے سوا تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں ۔دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر نچلے درجے کاسیلاب ہے۔ تربیلا اور منگلہ کے آبی ذخائر میں پانی کی سطح 1536.90اور 1245.65فٹ ہے ۔ تربیلا ڈیم میں پانی سطح مجموعی گنجائش سے 13.10فٹ اور منگلہ ڈیم میں 0.35فٹ نیچے ہے۔ خواجہ آصف نے ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات اور واپڈا پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید بہتر بنائیں بروقت پیشگی اطلاع سے جانی اور مالی نقصان سے بچاجاسکتاہے۔خواجہ آصف نے متعلقہ حکام کو مستعد اور چوکس رہنے کی بھی ہدایت کی ۔