خبرنامہ پاکستان

دیامربھاشا ڈیم کی زمین ہماری حکومت نے خریدی: بلیغ الرحمن

اسلام آباد(آئی این پی) وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کی زمین ہماری حکومت نے خریدی‘ تھرمل پاور پالیسی بہت عجلت میں لائی گئی ‘ حکومت نے ہائرایجوکیشن کمیشن کیلئے مختص بجٹ کو 141 ارب سے بڑھا کر 191 ارب کر دیا ہے ‘ 2 کروڑ بچے آج بھی سکول جانے سے محروم ہیں جو حکومتی ناکامی ہے ‘ پاکستان کی 10 یونیورسٹیوں کا ایشیاء کی 300 بہترین یونیورسٹیوں میں شامل ہونا ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔ وہ پیر کو اسلامی یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام چھٹی بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت تعلیمی مسائل کا شکار ہے۔ گزشتہ 2 سالوں کے دوران سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ تعلیم کے شعبہ میں بہتری لانے کے لئے وسائل کی ضرورت ہے۔ آپریشن ضرب عضب اور معاشی بحران کے باوجود آج پاکستان کا جی ڈی پی بڑھا ہے۔ آج ملک میں 28 فیصد سکولوں میں ٹائلٹس نہیں ہیں جو ہمارے لئے شرمندگی کا باعث ہے۔ ہماری حکومت بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہماری حکومت نے بین الصوبائی تعلیمی وزراء کانفرنس کی بنیاد رکھی جس سے کافی فائدہ ہوا ہے۔ 2013ء میں باقاعدہ جمہوری حکومت کے آنے سے تعلیم کے میدان میں بہتری نظر آ رہی ہے۔ 46 ارب ڈالر پاک چین اقتصادی راہداری کی مد میں سرمایہ کاری ہو رہی ہے جس سے ملک میں بے روزگاری میں کمی آئے گی۔ ۔۔۔(رانا228م م)