خبرنامہ پاکستان

رائےونڈ مارچ میں شرکت کرنےیانہ کرنیکا فیصلہ پارٹی قیادت کریگی:یوسف رضا

لاہور(آئی این پی) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تحر یک انصاف کے رائے ونڈ مارچ میں شر کت کر نے یانہ کر نیکا فیصلہ پارٹی قیادت کر یگی ‘ہم (ن) لیگ کی حکومت کو نہیں بچارہے صرف آئین وقانون اور جمہو ریت کی بات کرتے ہیں ‘پانامہ لیکس ایک ہم مسئلہ ہے اس کو سنجیدہ لیا جانا چاہیے اور اسکی تحقیقات پوری قوم کا مطالبہ ہے ‘بھارت ہمیشہ سے بلو چستان میں مداخلت کر تا ہے اور آج بھی یہ مداخلت جاری ہے ‘ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھایا اب ہمیں امریکہ سے ڈو مور کا مطالبہ کرنا چاہیے‘پیپلزپارٹی میں اب یوتھ کو آگے لایا جائے گا تاہم پارٹی کا انکل اور ماموں سے چھڑانے کا کوئی پلان نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت کے خلاف احتجاج تحریک انصاف کا جمہوری حق ہے تاہم پیپلز پارٹی کے رائے ونڈ مارچ میں شریک ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی لیکن ا س بات میں کوئی شک نہیں کہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ پانامہ لیکس کو شفاف اور جلد تحقیقات کر وائی جائے اور جن لوگوں کے پانامہ لیکس میں نام آئے ہیں ان سے حساب لیاجانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی تمام اداروں کا احترام کرتی ہے اگر تمام ادارے اپنا کام ٹھیک طریقے سے کریں تو کچھ بھی خراب نہیں ہوگا ادارے اپنی حدود میں رہیں تو جمہوریت بھی مستحکم ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت حکومت کو نہیں بچارہی ۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ بھارت خود ساختہ حملوں کے ذریعے دنیا کی توجہ کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے بلوچستان میں بھی مداخلت کررہا ہے پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھایا اب ہمیں امریکہ سے ڈو مور کا مطالبہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نظر آتی نہیں بلکہ نظریاتی جماعت ہے، اب یوتھ کو آگے لایا جائے گا تاہم پارٹی کو انکل اور ماموں سے چھڑانے کا کوئی پلان نہیں۔