خبرنامہ پاکستان

سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشتگردی ہے‘قادری

لاہور (آئی این پی)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشتگردی ہے۔ اس کا کیس انسانی حقوق کی عالمی عدالت میں کرینگے‘تحریک قصاص کا دوسرا مرحلہ کسی وقت بھی شروع کیا جاسکتا ہے‘ رائے ونڈ نہ جانے کا فیصلہ اخلاقی ہے ‘حکمرانوں نے انصاف کے تمام راستے بند کردیے تو رائے ونڈ جانا خارج ازامکان بھی نہیں۔وہ گزشتہ روز یہاں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ طاہرالقادری نے بتایا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے وہ جمعرات کو لندن میں وکلا کے پینل سے ملاقات کریں گے اور پھریہ کیس انسانی حقوق کی عالمی عدالت میں داخل کریں گے کیونکہ سانحہ ماڈل ٹاون ریاستی دہشت گردی تھا۔سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے واضح کیا کہ تحریک قصاص کا دوسرا مرحلہ کسی وقت بھی شروع کیا جاسکتا ہے۔ رائے ونڈ نہ جانے کا فیصلہ اخلاقی ہے اگر حکمرانوں نے انصاف کے تمام راستے بند کردیے تو رائے ونڈ جانا خارج ازامکان بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک احتساب میں ہماری جماعت آخری وقت تک اس میں شامل رہے گی۔ اپوزیشن جماعتیں مل جل کر آئندہ کا لائحہ عمل تیار کریں۔