خبرنامہ پاکستان

سردارایاز صادق نے پہلی سارک پارلیمنٹری کانفرنس کا افتتاح کردیا

اسلا م آباد (آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہاہے کہ سارک ممالک کے نوجوان اور مستقبل کی قیادت خطے میں امن اور خوشحالی کے لیئے حل طلب مسائل کو مذاکرات اور روابط کے ذریعے حل کر سکتے ہیں ۔وہ منگل کو یہاں پہلی سارک کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ اس کانفرنس کو جنوبی ایشیا ء میں جمہوریت کے لیے ایک سنگ میل قر ار دیتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کو ماضی کا قیدی نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے ہمارے مشترکہ مستقبل کے لیے جد ید حمایت اور امنگوں کو بیدار کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ مدبرانہ قیادت کاتقاضا ہے کہ ہم اپنے مسائل کا سامناجرات کے ساتھ کریں اور انہیں مکمل اخلاص اور ایمانداری کے ساتھ حل کریں ۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمار ا مشترکہ ورثہ تاریخ اور معاشی و معاشر تی تر قی ہمیں یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ ہم اپنے مشترکہ مسائل کو بھی مل جل کر حل کریں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس کا نفرنس کے انعقاد کا مقصد جنوبی ایشیاء کے مستقبل کے رہنماؤں کو ایک ایسا پلیٹ فراہم کرنا تھا جہاں یہ مکالمے اور مباحثے کے ذریعے تعاون کی راہ تلاش کر سکیں انہوں نے نوجوان اراکین پارلیمان پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قانون سازی کے ذریعے ایک پر امن اور خوشحال خط کے خواب میں حقیقت کا رنگ بھر سکیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس نوعیت کی پہلی نوجوان پارلیمانی کانفرنس خطے میں ایک متحرک اور ہنر مند نوجوانوں پر مشتمل قیادت کی بنیاد رکھنے میں مدد فراہم کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی وسماجی سطح پر نوجوانوں کی شمولیت پر خصوصی توجہ مرکوز کرنی ہوگی اور اس طر ح معاشر ے کے تمام شعبوں میں صنفی مساوات کے حصول کو لا گو کرنا ہوگا سپیکر نے کانفرنس کے شر کاء پر زور دیا کہ مکالمے کے لیے فراہم کر دہ اس فورم پر پارلیمانی وجمہوری طر یقہ کار کے ذریعے خطے کے نوجوانوں کے مسائل کو حل کرنے اور ان کے مشتر کہ مفادات کے حصول کے لیے کوشش کریں سر دار ایاز صادق نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس کانفرنس میں خطے کے متنوع اموراورر مسائل کو زیر بحث لا یا جائے گا جس کے ذریعے تمام ممالک کے نو جوان اراکین پارلیمان دیرپا مسائل بشمول انسانی تحفظ ،بھوک وافلاس ،غذائی قلت اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوشش کر سکیں گے۔