خبرنامہ پاکستان

صدرمملکت کی آزاد جموں وکشمیرکےصدرسےملاقات

اسلام آباد:(اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے حصول کیلئے بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو آزاد جموں و کشمیرکے صدر سردار محمد یعقوب سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہی۔ صدر ممنون حسین نے آزاد کشمیر میں حالیہ انتخابات کے کامیاب انعقاد اور پرامن اقتدار کی منتقلی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب عوامی نمائندے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کی کوشش کریں گے۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب نے صدر مملکت ممنون حسین کو آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا اور کشمیر کے معاملات میں دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔