خبرنامہ پاکستان

طاہرالقادری کی تحریک، تحریک شرمندگی ثابت ہو گی، طلال چوہدری

طاہرالقادری کی تحریک، تحریک شرمندگی ثابت ہو گی، طلال چوہدری

لاہور(ملت آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے (ن) لیگ کے خلاف ملک تحریک چلانے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شکست خوردہ عناصر کی یہ تحریک، تحریک شرمندگی ثابت ہوگی۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے طاہرالقادری کو درمیان میں رکھ کر اتحاد بنایا ہے لیکن انہیں نہ استعفیٰ ملے گا نہ ہی حکومت جائے گی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ جب بھی طاہر القادری ملک میں آئیں گے تو وہ کسی نہ کسی سازش کا حصہ ہوں گے اور ایک کٹھ پتلی کے طور پر آئیں گے جس کی ڈوریں کہیں اور سے ہلتی ہیں۔ طاہرالقادری کا 17 جنوری سے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان انہوں نے کہا کہ یہ جو حکومت مخالف اتحاد بنا ہے اس پر پیسہ زرداری صاحب لگا رہے ہیں، وہ بلوچستان اسمبلی میں بھی لوٹے بنا رہے ہیں، جس کا مقصد پہلے سینیٹ کے الیکشن اور پھر آئندہ عام انتخابات پر وار کرنا ہے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ یہ لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ اگر جمہوری نظام چلتا رہا تو کبھی بھی نواز شریف کو شکست نہیں دی جا سکتی، اس لیے یہ جمہوری نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ یہ لوگ کچھ بھی کر لیں، 2018 کا الیکشن ایک بار پھر نواز شریف ہی جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شکست خوردہ لوگوں کا اتحاد ہے، یہ ان لوگوں کا اتحاد ہے جو پہلے ہی کئی بار (ن) لیگ سے ہارے اور ان کی یہ تحریک بھی تحریک شرمندگی ثابت ہو گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے دیگر سیاسی کے ہمراہ 17 جنوری سے (ن) لیگ کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کے استعفوں کا مطالبہ کیا تھا، لیکن اب استعفے مانگیں گے نہیں بلکہ پوری (ن) لیگ کو جانا ہو گا۔