خبرنامہ پاکستان

عمران خان سے رابطہ خوش آئند ہے، انیس قائم خانی

عمران خان سے رابطہ خوش آئند ہے، انیس قائم خانی
کراچی: (ملت آن لائن) کراچی کی سیاست میں نئی ہلچل شروع ہو گئی۔ عمران خان اور مصطفیٰ کمال کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے۔ گفتگو کے دوران مجموعی سیاسی صورتحال اور بالخصوص کراچی کی صورتحال پر بات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کی جلد ملاقات بھی متوقع ہے۔ دونوں رہنماؤں کے مابین رابطے کے حوالے سے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے صدر پی ایس پی انیس قائم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے رابطہ خوش آئند ہے، عمران خان بڑے لیڈر ہیں اور انہوں نے ملک میں جمہوریت کے لئے بہت جد و جہد کی ہے۔ انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ان کے اگلے کراچی کے دورے پر ملاقات ہو گی، پی ایس پی کی پالیسی ہے کہ کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کرنا۔ ادھر تحریک انصاف کے سینئر رہنماء عمران اسماعیل نے چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی کی سیاسی صورتحال پر عمران خان کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے ممکنہ چیلنجز سے بھی آگاہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے کراچی کی سیاست میں دیگر جماعتوں کے کردار اور ممکنہ اثرات پر بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سندھ تبدیلی کا پیش خیمہ اور مرکز ہے، تحریک انصاف ملک کے دیگر حصوں کیطرح سندھ میں بھی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے اور ہم سیاسی اور حکومتی آلائشوں سے سندھ کو پاک کرنے کیلئے مربوط اور جامع حکمت عملی دیں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ سندھ اور کراچی میں عوامی مینڈیٹ پر نقب زنی کے منصوبے ناکام بنانا ہوں گے، زرداری کے حواریوں اور بانی متحدہ کی باقیات سے نجات کا وقت آن پہنچا ہے۔