خبرنامہ پاکستان

غلام بی بی بھروانہ کا استعفیٰ اسپیکر کو موصول

غلام بی بی بھروانہ کا استعفیٰ اسپیکر کو موصول
اسلام آباد:(ملت آن لائن) حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ کا استعفیٰ اسپیکر سردار ایاز صادق کو موصول ہوگیا۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے حکام کے مطابق غلام بی بی بھروانہ کا استعفیٰ ڈاک کے ذریعے بھجوایا گیا، تاہم اسپیکر ایاز صادق نے ابھی استعفیٰ کا جائزہ نہیں لیا۔ غلام بی بی بھروانہ این اے 87 (چنیوٹ/جھنگ) سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں، انہوں نے پیر حمید الدین سیالوی کے جلسے میں مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔اس سے قبل پیر حمیدالدین سیالوی کے کہنے پر پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے 3 ارکان نظام الدین سیالوی، مولانا رحمت اللہ اور محمد خان بلوچ بھی استعفے دے چکے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے 3 ارکان پنجاب اسمبلی باضابطہ مستعفی ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے کئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ جس کے بعد رواں ماہ 6 دسمبر کو درگاہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالوی نے مسلم لیگ (ن) سے اپنی راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ن لیگ کے 5 ارکانِ اسمبلی نے سیاسی مستقبل کا فیصلہ پیر سیالوی پر چھوڑ دیا خواجہ حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے استعفے کا مطالبہ حتمی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں کہ ہم نے کوئی ڈیل کر لی ہے لیکن اب ہمارا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بعدازاں 10 دسمبر کو فیصل آباد میں ایک جلسے کے دوران مسلم لیگ (ن) کے 2 اراکین قومی اسمبلی اور 3 اراکین پنجاب اسمبلی نے اپنے سیاسی مستقبل کے فیصلے کا اختیار درگاہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالوی کے سپرد کردیا تھا، جن میں غلام بی بی بھروانہ بھی شامل تھیں۔