خبرنامہ پاکستان

قائمہ کمیٹی برائےانسانی حقوق چیئرمین انسانی حقوق کمیشن کی کارکردگی پرشدید برہم

اسلام آباد (آئی این پی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے چیئرمین انسانی حقوق کمیشن جسٹس(ر)نواز چوہان کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین انسانی حقوق کمیشن نے ادار ے میں ون مین شو رچایا ہوا ہے، کمیشن کے اپنے ممبران بھی چیئرمین سے ناخوش ہیں، چیئرمین انسانی حقوق کمیشن صرف ٹی اے ڈی اے اور غیر ملکی دوروں میں دلچسپی رکھتے ہیں، کمیٹی نے انسانی حقوق کمیشن کی کارکردگی،غیر ملکی دوروں اور مراعات کی تفصیلات آئندہ اجلاس میں طلب کرلیں۔پیر کو کمیٹی کا اجلاس چیئر مین بابر نواز خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔اجلاس میں کمیٹی ممبران،وزارت انسانی حقوق ، اکنامک افئیر ڈویژن حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک میں کام کر نے والی نیشنل اور انٹر نیشنل این جی اوز کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا ،کمیٹی ممبران نے این جی اوز کی سخت مانیٹرنگ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی ہر گلی میں این جی اوز کے دفاتر ہیں، این جی اوز کا 80 فیصد بجٹ انتظامی امور پر خرچ ہوتا ہے، جس مقصد کے لئے فنڈنگ حاصل کی جاتی اس پر خرچ نہیں ہوتی، پاکستان میں این جی اوز بے لگام گھوڑے کا روپ دھار چکی ہیں،لگام ڈالنا ہوگی،پاکستان کے مختلف علاقوں میں بلیک لسٹڈ این جی اوز بھی کام کررہی ہیں، کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والی این جی اوز کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ اکنامک افئیر ڈویژن حکام نے کمیٹی کو این جی اوز کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 2015 سے اب تک30مقامی این جی اوز نے غیر ملکی فنڈنگ کے حصول اور رجسٹریشن کی درخواست دی ہے،انٹرنیشنل این جی اوز کی رجسٹریشن اب وزارت داخلہ کررہی ہے، کمیٹی اجلاس میں کام کرنے والے مقامات پر خواتین کو حراساں کرنے کے واقعات کی روک تھام سے متعلق 3 ترمیمی بل پر بھی غور کیا گیا،کمیٹی نے تینوں ترمیمی بلوں پر رکن منزہ حسن کی سربراہی میں زیلی کمیٹی بنادی۔اجلاس میں کمیٹی ممبران چیئرمین انسانی حقوق کمیشن جسٹس(ر)نواز چوہان کی کارکردگی پر بھی شدید برہم ہوئے ۔ چیئرمین کمیٹی بابر نواز خان نے کہا کہ چیئرمین انسانی حقوق کمیشن کمیٹی کو اہمیت نہیں دیتے کیوں نہ انکے خلاف تحریک استحقاق لائیں،چیئرمین انسانی حقوق کمیشن نے ادارہ میں ون مین شو رچایا ہوا ہے، انسانی حقوق کمیشن کے دیگر ممبران بھی چیئرمین سے ناخوش ہیں، چیئرمین انسانی حقوق کمیشن صرف ٹی اے ڈی اے اور غیر ملکی دوروں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔کمیٹی نے انسانی حقوق کمیشن کی کاکردگی،غیر ملکی دوروں اور مراعات کی تفصیلات آئندہ اجلاس میں طلب کرلیں۔(رڈ)