خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی؛ تمام پارلیمانی جماعتوں کی فاٹا اصلاحات کی تعریف

اسلام آباد: (اے پی پی) قومی اسمبلی میں تمام پارلیمانی جماعتوں نے فاٹا اصلاحات کو سراہتے ہوئے حکومت اور اصلاحات کمیٹی کو مبارکباد دی ہے جبکہ کمیٹی کی سفارشات پر آئندہ عام انتخابات سے قبل عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے غلام احمد بلور‘ پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر‘ جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ‘ فاٹا کے شاہ جی گل آفریدی‘ آفتاب احمد خان شیرپاؤ‘ خالد مقبول صدیقی‘ شہریار خان آفریدی‘ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے فاٹا اصلاحات کمیٹی کی سفارشات کو تاریخ ساز اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ فاٹا سے متعلق کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے پر حکومت اور اصلاحاتی کمیٹی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس سے قبائلیوں کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا۔ سرتاج عزیز نے تھوڑے عرصے میں بہت محنت کی۔ قبائلی علاقوں کے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے بھی فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹ پیش ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ رپورٹ پڑھیں گے‘ عید کے بعد ایک خصوصی اجلاس طلب کرکے اس معاملے پر بحث کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مردم شماری نہیں ہوگی نشستوں کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔ جو کام کرنا ہے فوری کیا جائے اس غرض سے آرٹیکل 247 میں ترمیم لائی جائے۔ ٹرانزیشنل پیریڈ کم سے کم ہونا چاہیے۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ ان اصلاحات پر عملدرآمد جلد یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ عام انتخابات میں قبائلی عوام بھی خیبر پختونخوا کا حصہ ہونے کے طور پر شریک ہو سکیں۔سید نوید قمر نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد میں تاخیر نہ کی جائے۔ ایف سی آر سمیت کالے قوانین کا خاتمہ تمام جماعتوں کا مطالبہ تھا۔ شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ اس سے قبل قائد اعظم نے پاکستان بنا کر بڑا کارنامہ سرانجام دیا جبکہ اب وزیراعظم محمد نواز شریف نے دوسرا بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ اصلاحات کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد میں تاخیر نہ کی جائے۔ خالد مقبول صدیقی نے بھی فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹ کی حمایت کی اور کہا کہ پوری قوم اس پر متحد ہے۔ تحریک انصاف کے شہریار آفریدی نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے حوالے سے یہ رپورٹ تاریخ میں سنہری حروف کے ساتھ درج ہوگی۔ آئندہ سیشن میں فاٹا پر بحث کرائی جائے۔ سپیکر نے کہا کہ حکومت نے کہا ہے کہ اس معاملے پر بامعنی بحث کا خیر مقدم کرے گی۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو وہ سہولیات ملنے جارہی ہیں جن کا خواب انہوں نے تحریک پاکستان میں دیکھا تھا۔