خبرنامہ پاکستان

قومی تعمیر وترقی میں اقلیتوں کےکردارکو تسلیم کرتے ہیں: نوازشریف

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے ۔ قائداعظم کی سوچ کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں۔ یوم حقوق اقلیت کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قومی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں ۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے ، یہ دن پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کی طرف سے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت قائد کی سوچ کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کر رہی ہے ۔ آئین پاکستان کے مطابق تمام اقلیتی برادری کو مساوی حقوق دینے کا عزم رکھتے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہماری اخلاقی، سماجی ذمہ داری ہے، اقلیتی برادری پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔