خبرنامہ پاکستان

قومی سلامتی کا معاملہ پوری قوم کا ہے؛ خورشید شاہ

قومی سلامتی کا معاملہ پوری قوم کا ہے؛ خورشید شاہ

اسلام آباد(ملت آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان سے پیدا ہونے والی صورتحال کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی میں معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے اور فی الوقت پارلیممنٹ کا مشترکہ اجلاس نہ بلانے کی تجویز دی ہے ۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قومی سلامتی کا معاملہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا ہے اس حوالے سے تمام جماعتوں کے مابین مکمل افہام و تفہیم کی ضرورت ہے اور اس معاملے پر سب یک آواز ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے تجویز دی ہے کہ قومی سلامتی بارے پارلیمانی کمیٹی کا ایک اور اجلاس طلب کیاجائے جس میں عسکری قیادت کو بھی مدعو کرنے کی تجویز دی ہے اور ساتھ ساتھ ہم نے یہ بھی کہا ہے کہ وزارت خزانہ کی بھی رائے لینے کے بعد مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔

…………………………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے….پاکستان کوئی بنانا ریپبلک نہیں، شیخ رشید احمد

اسلام آباد ۔ 04 جنوری (اے پی پی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کوئی بنانا ریپبلک نہیں، اگر کسی نے مہم جوئی کرنے کی کوشش کی تو بچ کرنہیں جائے گا۔ جمعرات کو پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں شرکت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ملکی مفاد کے پیش نظر امریکا سے بات چیت کی جائے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کوئی بنانا ریپبلک یا مردار ملک نہیں ہے ، یہ جیتے جاگتے 20کروڑ عوام کا ملک ہے ۔ اگر کوئی بغیر اجازت آیا تو بچ کر نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کمیٹی میں شامل تمام جماعتوں کے نمائندوں کی یہ رائے کہ ملک کی سلامتی جان سے زیادہ عزیز ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئی جذباتی فیصلے نہیں کرنے چاہئیں ۔ سرجیکل سٹرائیک کاکوئی خدشہ نہیں ہے۔