خبرنامہ پاکستان

قوم شہدائے اے پی ایس کو کبھی نہیں بھلا پائےگی‘ شہبازشریف

قوم شہدائے اے پی ایس کو کبھی نہیں بھلا پائےگی‘ شہبازشریف
لاہور:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کا کہنا ہے کہ شہدائے اے پی ایس نے پرامن پاکستان کے لیے اپنے لہو سے تاریخ لکھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے شہدائے اے پی ایس کی تیسری برسی پراپنے پیغام میں کہا کہ معصوم بچوں کی شہادت پر قوم آج بھی سوگوارہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کبھی نہیں بھلا پائے گی، شہدا کی قربانی سے قوم کو امن نصیب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے اے پی ایس نے پرامن پاکستان کے لیے اپنے لہو سے تاریخ لکھی، شہدا کےخون کا قرض دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرکے اتارنا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہدائےاے پی ایس نے بہادری، جرأت کی نئی تاریخ رقم کی، شہدائے اے پی ایس قوم کے ہیرو ہیں اور رہیں گے۔ شہبازشریف نے کہا کہ دہشت گردی جڑسے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برداشت پرمبنی پاکستانی معاشرے کا قیام ہمارا مشن ہے، قائداعظم کاعظیم مقصد ضرورحاصل کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے کہا کہ آج قوم شہدائےاےپی ایس کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔ 16 دسمبر 2014 کو پشاور آرمی پبلک اسکول میں خون کی ہولی کھیلی گئی تھی، دہشت گردوں نےعلم کے پروانوں کے بے گناہ لہو سے وحشت و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی تھی۔ آرمی پبلک اسکول میں ہونے والے دردناک سانحے اور دہشت گردی کے سفاک حملے میں 147 افراد شہید ہوگئے تھے۔