خبرنامہ پاکستان

مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل سےحل ہوگا: نوازشریف

نیو یارک (اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کر دے ، پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا ۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد سے ہو گا ۔ وزیراعظم نواز شریف آج نیویارک میں مختلف ممالک کے سربراہوں سے ملاقات بھی کرینگے ۔ وزیر اعظم نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیلئے نیویارک پہنچ گئے ۔ ایئرپورٹ پر پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے ان کا استقبال کیا ۔ نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کر دے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد سے ہونا چاہیئے ۔ کشمیری نوجوانوں نے جدوجہد آزادی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے ۔ وزیراعظم نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کی نسلیں جدوجہد آزادی کو آگے لے کر جا رہی ہیں اور اس معاملے میں بھارت کو کشمیریوں کی خواہش کا احترام کرنا ہو گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشتگردی کے کینسر سے جلد چھٹکارا پالیں گے ۔ سی پیک پورے خطے کی قسمت بدل دے گا ۔