خبرنامہ پاکستان

مسلم لیگ (ن) کا ڈنڈا بردار فورس سے اظہارلاتعلقی

اسلام آباد(آئی این پی ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رائے ونڈ مارچ کو روکنے کے لیے ڈنڈا بردار فورس کے قیام سے اظہارِ لاتعلقی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس قسم کی فورس بنانے کا فیصلہ پارٹی کی قیادت کی جانب سے نہیں کیا گیا۔ اپنے ایک انٹرویو میں طلال چوہدری کا کہنا تھا ‘یہ چند لوگ ہیں جو اپنے جذبات کی وجہ سے ایسا کررہے ہیں، لیکن اس کا تعلق نہ تو مسلم لیگ (ن) کی صوبائی اور نہ ہی مرکزی قیادت سے ہے’۔ یہ سب کچھ صرف اس کے لیے ہوا کیونکہ تحریک انصاف نے وزیراعظم کی رہائش گاہ رائے ونڈ جانے کا فیصلہ کیا، جو کہ ایک روایتی جلسہ گاہ نہیں ہے۔ ہم اس طرح کی کسی بھی فورس کی حمایت نہیں کرتے اور نہ ہم نے پہلے کبھی تشدد کا راستہ استعمال کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ عمران خان یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ نواز شریف کی رہائش گاہ سے کچھ فاصلے پر رہ کر احتجاج کریں گے، لیکن جو ایک عام تاثر پیدا ہوتا ہے وہ یہی ہے کہ وزیراعظم کے گھر کی طرف جانے کی بات ہورہی ہے اور پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ مکمل وضاحت کرے کہ احتجاج کا اصل مقام کیا ہوگا۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی طرف سے تمام عہدیداروں کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ کسی قسم کے اشتعال میں نہ آئیں اور پنجاب حکومت اس سلسلے میں مکمل تعاون کرے گی۔