خبرنامہ پاکستان

مشیرخارجہ سرتاج عزیز اور وینزویلا کے وزیرخارجہ کےمابین ملاقات

اسلام آباد :(اے پی پی) پاکستان اور وینزویلا نے دو طرفہ اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینیکا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وینزویلا کے وزیر خارجہ روڈ ریگوز کے مابین مارگریٹا جزیرے میں غیر وابستہ تحریک کے 17ویں سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا گیا۔ہفتہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سرتاج عزیز غیر وابستہ تحریک کے 17ویں سمٹ میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔نام اعلامیئے اور ضروری دستاویزات کو حتمی شکل دینے کے بعد سربراہ اجلاس کا وزارتی سطح کے اجلاسوں کا دور ہفتہ کو اختتام پذیر ہوا،جو (آج)18ستمبر کو سربراہ اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔پاکستان اور وینزویلا کے درمیان دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سرتاج عزیز اور وینزویلا کے وزیر خارجہ روڈ ریگوز نے دونووں ملکوں کے مابین اقتصادی تعلقات اور تجارت میں اضافے پر اتفاق کیا۔پاکستان نے فریم ورک معاہدے کے تحت ساوتھ امریکن ٹریڈ بلاک (ایم ای آر سی یو ایس یو آر ) کیساتھ ترجیحی تجارتی معاہدہ(پی ٹی اے)میں شمولیت کیلئے وینزویلا کی حمایت طلب کی۔دو فریقوں نے کثیر الجہتی فورمز میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔وینزویلا کو نام کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ رکن ملکوں کے درمیان سیاسی یکجہتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دیکر غیر وابستہ تحریک کو مزید فعال اور متحرک بنایا جاسکتا ہے۔نام پراسیس میں پاکستان کی خدمات کا اعتراف کرتے وہئے وینزویلا کے صدر نے مشیر خارجہ کے آئیدیا کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ دونوں ممالک قریبی تعاون کر کے نام کو مزید فعال اور متحرک بنائیں گے۔