خبرنامہ پاکستان

مضبوط پاکستان سے بھارتی مسلمان بھی محفوظ ہونگے، وزیراعظم آزاد کشمیر

مضبوط پاکستان سے بھارتی مسلمان بھی محفوظ ہونگے، وزیراعظم آزاد کشمیر

شاہ پورسٹی / شاہ پور صدر / جوہرآباد:(ملت آن لائن) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان مضبوط ہو گا تو ہندوستان میں بسنے والے 20 کروڑ مسلمان بھی محفوظ ہوں گے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان نے شاہ پور کے قریب قصبہ جہان آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 1971 جیسے سیاسی حالات پیدا کیے جا رہے ہیں جس سے پاکستان کی سالمیت خطرے میں ہے، ن لیگ پاکستان کو زرداری یا عمران خان کا پاکستان نہیں بننے دیگی، ہم پاکستان کو نواز شریف کی قیادت میں جناح کا پاکستان بنائیں گے، انھوں نے کہا کہ پاکستان مضبوط ہو گا تو ہندوستان میں بسنے والے 20 کروڑ مسلمان بھی محفوظ ہوں گے۔ راجا فاروق حیدر نے کہا کہ مودی ٹرمپ کا ایجنڈا پاکستان کو کمزور کرنا ہے جو نواز شریف کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سی پیک منصوبہ نواز شریف کیلیے سیاسی مشکلات لے کر آیا اور یہ منصوبہ بہت سے ممالک کی نظر میں کھٹک رہا ہے، انھوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، پاکستان اہل کشمیر کی جائے پناہ ہے، پاکستان کشمیروں کا وکیل ہے اور کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت کشمیر کا مسئلہ دنیا کے سامنے نمایاں کیا۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ ن پہلے سے زیادہ سیٹیں جیت کر اقتدار میں آئے گی، جلسے سے ایم این اے سردار شفقت حیات بلوچ نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر ایم پی اے سردار بہادر عباس، چوہدری شاہ نواز رانجھا ، احمد حیات بلوچ، وائس چیئرمین ضلع کونسل مظہر حسین شاہ، چوہدری طارق وڑائچ ، حاجی یونس، ملک جاوید کشمیری ، ملک طاہر اعوان، ملک منیر ناز، احمد خان پنجوتھہ، الیاس گجر، خان اقبال خان، چوہدری ارشد حبیب دیگر سیاسی و سماجی رہنما بھی موجود تھے۔ راجا فاروق حیدر نے جوہرآباد کے نواحی گاؤں 45اے ایم بی اعظم کالونی جوہرآباد میں ماسٹر محمد یونس کی رہائشگاہ پر کشمیری عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنی آتی ہے، لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے در اندازی قابل مذمت ہے، بزدل ہندوستان کشمیری عوام کے جذبوں کا کسی طور پر مقابلہ نہیں کر سکتا، مقبوضہ کشمیر آزاد ہوکر رہے گا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کوٹ مومن جلسے کی کامیابی پر لیگی رہنما اور ورکرز کو مبارکباد دی، انھوں نے بتایا کہ ضلع خوشاب میں ایم ایل اے 9 کیلیے وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے، اس موقع پر سینیٹر ضلعی صدر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان، ایم پی اے ملک وارث کلو، ڈپٹی کمشنر خوشاب امجد بشیر، سابق ایم این اے و سابق ضلع ناظم ملک غلام محمد ٹوانہ سمیت کشمیری عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔