خبرنامہ پاکستان

ملتان: ٹرین حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا : ابتدائی رپورٹ

ملتان: (اے پی پی) ملتان میں شیرشاہ جنکشن کے قریب کراچی جانے والی عوام ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم سے چھ مسافر موت کی وادی میں چلے گئے جبکہ 92 زخمی ہوگئے ۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں حادثے کا ذمہ دار عوام ایکسپریس کے ڈرائیور کو قرار دیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر ریلوے نے ٹرین حادثے کی رپورٹ 72 گھنٹے میں پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔ ملتان میں شیرشاہ جنکشن کے قریب خوفناک ٹرین حادثہ پیش آیا ۔ عوام ایکسپریس پشاور سے کراچی جا رہی تھی کہ جنکشن کے قریب کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا اور ٹرین کی چار بوگیاں اور مسافر ٹرین کا انجن تباہ ہو گیا ۔ ٹرینوں کے درمیان تصادم کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ انتہائی خوفناک تھا ۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں پہنچ گئی تھیں ۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جبکہ بوگیوں کو بھاری مشینری کی مدد سے ہٹایا گیا اور ریلوے ٹریک کی بحالی کیلئے کوشش کی گئی ۔ پاک فوج کے جوانوں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ انچارج ریسکیو آپریشن ڈاکٹر کلیم نے بتایا کہ آپریشن میں 25 ایمبولینسوں،8 فائر گاڑیوں اور 200 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ حادثے کے بعد مسافروں کو گھروں کو واپسی میں بھی مشکلات پیش آئیں ۔ وزیراعظم نواز شریف نے ملتان کے قریب عوامی ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔ وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے بھی ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔