خبرنامہ پاکستان

ملک بھرمیں 70 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

ملک بھر:(اے پی پی) ملک بھر میں 70 واں یوم آزادی آج روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا جب کہ اس موقع پر مختلف تقریبات منعقد کی گئیں جس میں تحریک آزادی اور قیام پاکستان کے لیے دی گئی قربانیوں کو تازہ کیا گیا۔ یوم آزادی کے موقع پر دن كا آغاز وفاقی دارالحكومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحكومتوں میں 21،21 توپوں كی سلامی سے ہوا، نماز فجر كے بعد ملک كی خوشحالی، یكجہتی و استحكام، امت مسلہ كے اتحاد اور كشمیریوں كی دیرینہ جدوجہد كی كامیابی كے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس کے علاوہ دیگر مذہبی اقلیتی برادری نے بھی ملک کی بقا اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا۔ جشن آزادی کے حوالے سے مرکزی تقریب اسلام آباد کے جناح کنوینشن سینٹر میں ہوئی جس میں صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت وفاقی وزراء، اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ اور سفیروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر ممنون حسین نے قومی پرچم کشائی کی جس کے بعد قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم بچوں میں گھل مل گئے۔