خبرنامہ پاکستان

ملک بھر میں اگلے 5 برسوں میں 10 کروڑ درخت لگانے کا فیصلہ

ملک بھر میں اگلے

ملک بھر میں اگلے 5 برسوں میں 10 کروڑ درخت لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تغیرات (کلائمٹ چینج) کو آگاہ کیا گیا ہے کہ اگلے 5 سالوں میں ملک بھر میں 10 کروڑ درخت لگائے جائیں گے۔ سینیٹر میر محمد یوسف بدینی کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تغیرات (کلائمٹ چینج) کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئی جی جنگلات محمود ناصر نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اگلے 5 برسوں میں ملک بھر میں درختوں کے کنارے 10 کروڑ درخت لگائے جائیں گے جبکہ تیمر (مینگرووز) کے جنگلات میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ محمود ناصر نے بتایا کہ سنہ 2011 سے 2106 تک چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں 7 کروڑ سے زائد درخت لگائے گئے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب تک درخت کی کوئی خاص تعریف مقرر نہیں تھی، تاہم اب سے ہر 3 میٹر سے اونچا پودا درخت میں شمار کیا جائے گا۔ کمیٹی کے اجلاس میں ارکان کو گرین کلائمٹ فنڈ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سینیٹر محمد علی خان سیف کا کہنا تھا کہ یہ ایک عام بات ہے کہ ماحولیات کی مد میں ملنے والے فنڈز سے پرتعیش گاڑیاں خرید لی جاتی ہیں جس سے فنڈ دینے والوں کی نظر میں منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔ کمیٹی نے وزارت کلائمٹ چینج کے حکام کو ہدایت کی کہ اس مد میں ملنے والے تمام فنڈز کو درست جگہ پر استعمال کیا جائے اور انہیں ضائع نہ ہونے دیا جائے۔