خبرنامہ پاکستان

ملک بھر میں عید کے تیسرے روز بھی سنت ابراہیمی پر عمل جاری

عیدالاضحیٰ:(اے پی پی) ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں۔ ملک بھر میں عید الاضحیٰ کے تیسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی اتباع میں اللہ تبارک و تعالیٰ کی خوشنودی اور رضا کے لئے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔ جن افراد نے عید کے پہلے اور دوسرے روز قربانی کی ان کے ہاں مہمانوں کی آمد اور طرح طرح کے پکوان بنائے جا رہے ہیں۔ جو لوگ قربانی کرچکے ہیں وہ عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے اپنے عزیز و اقارب کے ہاں میل ملاپ میں مصروف ہیں جب کہ عوام کی بڑی تعداد آج بھی تفریحی مقامات کا بھی رخ کر رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ سرکاری تعطیلات بھی ختم ہو چکی ہیں جس کے بعد اسکول اور دفاتر بھی کھل چکے ہیں لیکن عید کا تیسرا روز ہونے کے باوجود اسکولوں اور دفاتر میں حاضری معمول سے بہت کم ہے۔