خبرنامہ پاکستان

ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم آج بھی سرد اور خشک رہے گا

ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم آج بھی سرد اور خشک رہے گا
لاہور: (ملت آن لائن) ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم آج بھی سرد اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بادل برسنے کے ساتھ پہاڑوں پربرفباری کی پیشگوئی ہے۔ کراچی میں سردی کی شدت برقرار ہے، گزشتہ شب شہر میں کم از کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ زیادہ سے زیاردہ درجہ حرارت 23.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔۔ شہر میں آج کم از کم درجہ حرارت 10 سے 12 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ اس وقت کراچی کا درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 34 فیصد ہے۔ کوئٹہ میں کڑاکے کی سردی ہے، جہاں پر پارہ منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ قلات میں منفی 07، کالام، دالبندین میں منفی 06، مالم جبہ، پارہ چنار، گوپس اور استور میں آج صبح درجہ حرارت منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آج مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں اور بلوچستان میں موسم شدید سرد رہے گا تاہم پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔