خبرنامہ پاکستان

منتخب نمائندوں کےذریعےلوگوں کےمسائل نچلی سطح پرحل ہوں گے: صدر

اسلام آباد:(اے پی پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے منتخب نمائندوں کے ذریعے لوگوں کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے اور اس سے جمہوریت مضبوط ہو گی۔ بلدیاتی انتخابات سے لوگوں کی زندگی میں بہتری آئے گی۔صدر مملکت نے یہ بات جشن آزادی کے سلسلے میں اسلام آباد میٹرو پولیٹن کے زیر اہتمام ایوان صدر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں منتخب ہونے والے میئر ، ڈپٹی میئرز ، وائس چئیرمینز اور کونسلرز نے شرکت کی۔صدر مملکت نے اسلام آباد سے منتخب ہونے والے نمائندوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض ذمہ داری اور ایمانداری سے نبھائیں اور بانی پاکستان قائدا عظم محمد علی جناح کے اس قول’’کام ، کام اور صرف کام‘‘ پر ضرور عمل کر یں۔ صدر مملکت نے کہا کہ تمام منتخب نمائندے مبار ک باد کے مستحق ہیں کہ وفاقی دارالحکومت میں پہلی بار منتخب ہوئے ہیں۔ اب یہ ان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ شہر کی بہتری کے لیے کام کریں اور اس میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔صدر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت دارلحکومتوں میں سے ایک ہے۔ انھوں نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ شہر کو ماڈل شہر بنانے کے لیے اسے مشن کے طور پر لیں تاکہ اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو۔ صدر مملکت نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے اس میں پیدا ہونے والے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پرحل کریں اور عوام کی بنیادیں سہولیات کویقینی بنائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن چونکہ پہلی بار بنی ہے اس لیے نئی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حیثیت سے انھیں بے شمار مسائل کا بھی سامنا ہو گا۔ ان میں سب سے بڑامسئلہ ترقیاتی کاموں کے لیے مالی وسائل کی کمی اورمختلف اداروں کے درمیان اہلکاروں اور ملازمین کی تقسیم کا ہے۔اگر تمام نمائند ے ترقیاتی عمل کے سلسلے میں پوری طرح متحرک ہوں گے تو اپنی محنت، لگن اور تدبر سے وہ ان مشکلات کا خاتمہ کر دیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کچی آبادیوں کی تعمیر سے بہت سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں اس مقصد کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ، اس اہم مسئلہ کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ منتخب نمائندے کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کر یں اور اپنے امور میں میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھیں۔صدرمملکت نے کہ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے منتخب ہونے والے میئر شیخ انصر عزیز اور دوسر ے نمائندو ں کو جشن آزادی کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی تقریب پر مبارک باد دی اور کہا کہ ایسی تقریبات سے قائداعظم کی تعلیمات پر عمل کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔