خبرنامہ پاکستان

مودی کو ہمارے معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں: بلاول

کراچی:(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوبھارتی وزیر اعظم کے بیان کے خلاف پھٹ پڑے۔بلوچستان کو جمہوری پاکستان کا لازمی حصہ قرار دیدیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھارتی یوم آزادی کی ایک تقریب میں پاکستان مخالف بیانات دینے پر شدید ردوعمل کااظہار کیا ہے۔بلاول نے کہا ہم خودمختارہیں مودی کو ہمارے معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے۔انہوں نے کہا بلوچستان بارے بھارتی وزیر اعظم کی ہرزہ سرائی ناقابل قبول ہے،بلوچستان جمہوری پاکستان کا لازمی حصہ ہے۔ان کامزید کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو کشمیر میں مظالم کا جواب دینا ہوگا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں پاکستان پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے کہاتھا کہ وہاں دہشت گردوں کے گنُ گائے جاتے ہیں اور وہاں کی حکومت دہشت گردی کے نظریے سے متاثر ہے۔ مودی نے کہا پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر اور گلگت کے عوام نے اپنے لیے آواز اٹھانے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل نریندر مودی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان بلوچستان اور اپنے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والے مبینہ زیادتیوں کا جواب دے۔