خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم آزاد کشمیر نےبیوروکریسی میں وسیع پیمانے پرتبادلوں کی منظوری دیدی

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے آزاد کشمیر کی بیوروکریسی میں وسیع پیمانے پر تبادلوں کی منظوری دیدی‘ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا‘ 10سیکرٹریوں کے دوسرے محکموں میں تبادلے کئے گئے ہیں جبکہ ڈی سی مظفر آباد مسعود الرحمن کو وزیراعظم کا پرنسپل سٹاف آفیسر مقرر کردیا گیا ہے وہ وزیراعظم فاروق حیدر کے سابق دور میں بھی پی ایس او رہ چکے ہیں۔ جمعرات کو جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹری جنگلات و اکلاس کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے۔ سیکرتری اطلاعات‘ آئی ٹی و سیاحت ظہور الحسن گیلانی کا تبادلہ کرکے سیکرٹری جنگلات و کلاس تعینات کیا گیا ہے۔ چیف انجینئر سول ملک اسرار احمد کو تبدیل کرکے سیکرٹری فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ تعینات کیا گیا ہے جبکہ سیکرٹری فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ کو او ایس ڈی کردیا گیا ہے۔ سابق دور حکومت میں او ایس ڈی بنائے گئے ڈاکٹر محمود الحسن راجہ کو سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی تعینات کیا گیا ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کے سیکرٹری چوہدری لیاقت حسین کو سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل سروسز جبکہ ان کی جگہ سید شاہد محی الدین کو ہائیر ایجوکیشن کا سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے۔ سیکرٹری مواصلات اینڈ ورکس زاہد خان کو سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر اور ان کی جگہ او ایس ڈی عابد گیلانی کو سیکرٹری مواصلات اینڈ ورکس مقرر کردیا گیا ہے۔ سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر محمد ظفر خان کو سیکرٹری سیرا تعینات کیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر مظفر آباد مسعود رحمن کو تبدیل کرکے وزیراعظم کا پی ایس او تعینات کردیا گیا ہے۔ (ن غ / ع ع)