خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نواز شریف سے جان کیری کی ملاقات، اہم امورپرگفتگو

نیویارک: (آئی این پی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیلئے امریکا گئے وزیراعظم نواز شریف سے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک امریکا مضبوط تعلقات خطے میں امن کیلئے بہت ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تاھ کہ دہشتگردی کیخلاف اٹھائے گئے اقدامات خصوصاً آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ خطے میں امن اور سیکیورٹی پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے۔ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں اور پولیس کا کردار قابل تحسین ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کی معاشی کامیابیاں اور آئی ایم ایف پروگرام کی کامیابی سے تکمیل قابل تحسین ہے۔ تعلیم، پیداوار اور توانائی کے شعبوں میں پاکستان نے موثر اقدامات کیے ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم میاں نواز شریف سے نیوزی لینڈ کے ہم منصب نے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ دونوں ملاقاتوں میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری بھی موجود تھے۔