خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کی آزاد کشمیرکےسبکدوش ہونےوالےصدرسرداریعقوب سےملاقات

اسلام آباد :(اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ آزاد جموں کشمیر میں انتخابی عمل کے تسلسل سے جمہوری نظام کو خاطر خواہ تقویت ملی ہے ۔ انہوں نے یہ بات آزاد کشمیر کے سبکدوش ہونے والے صدر سردار محمد یعقوب سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو ان سے وزیر اعظم ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی ۔وزیر اعظم نے صدارتی مدت کے دوران ریاستی امورخوش اسلوبی سے انجام دینے پر سردار یعقوب کی خدمات کو سراہا ۔ انہوں نے کشمیری عوام کی مقامی جدوجہد آزادی کیلئے حکومت کی جانب سے بھرپور اخلاقی ،سفارتی اور سیاسی حمایت فراہم کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو نہتے بے گناہ کشمیریوں کے خلاف حالیہ بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے جو اپنے ناقابل تنسیخ آزادی کے حق کے حصول کیلئے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں۔