خبرنامہ پاکستان

وفاقی کابینہ نے ترکمانستان،جاپان ، ملائشیا سےسمجھوتوں کی منظوری دیدی

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی کابینہ نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دفاعی تعاون کے لئے سمجھوتے‘ پاکستان اور جاپان میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات پروگرام کے لئے قرض معاہدے ‘ پاکستان اور ملائشیا میں آڈٹ شعبے میں مفاہمت کی یاداشت پر مذاکرات شروع کرنے سمیت مختلف سمجھوتوں کی منظوری دیدی۔ جمعرات کو وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت یہاں وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف سمجھوتوں کی منظوری دی گئی جس میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دفاعی تعاون کے لئے سمجھوتے کی منظوری دی گئی جبکہ پاکستان اور جاپان میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات پروگرام کے لئے قرض کے معاہدے کی منظوری دیدی گئی۔ وفاقی کابینہ نے پاکستان اور ملائشیا میں آڈٹ کے شعبے میں مفاہمت کی یاداشت پر مذاکرات شروع کرنے جبکہ پاکستان اور ویت نام کے درمیان آڈٹ کے شعبے میں تعاون کے سمجھوتے کی منظوری دی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے سٹیٹ بنک آف پاکستان اور روس کے مرکزی بینک کے درمیان بینکنگ کے شعبے میں تعاون کے لئے مذاکرات کی منظوری دی جبکہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزا ختم کرنے کے معاہدے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان مجرموں کے تبادلے کے سمجھوتے پر دستخط کی منظوری دی جبکہ انسداد منشیات کے لئے پاکستان اور کینیا کے درمیان مذاکرات شروع کرنے کی منظوری دیدی۔ (ن غ)