خبرنامہ پاکستان

پارلیمنٹ نے جمہوریت اور نوازشریف کی گورنمنٹ کو بچایا:خورشید

سکھر: (آئی این پی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے جمہوریت اور نوازشریف کی گورنمنٹ کو بچایا ورنہ اسلام آباد دھرنوں کے دوران حکومت کے جانے کا وقت آگیا تھا‘نوازشریف کو پارلیمنٹ کی طاقت کا اندازہ نہیں‘ملک میں جمہوریت کے حامی ہیں اور اس کے فروغ کے لیے اپنی خدمات پیش کرنا چاہتے ہیں‘پیپلزپارٹی کسی ریلی یا دھرنے کا حصہ بنتی ہے تو اس کا مقصد جمہوریت کا فروغ ہے ‘ نواز شریف کو پانامہ پیپرز سے متعلق سوالوں کے جواب ضرور دینا ہوں گے۔ وہ نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ خورشید شاہ کا مزید کہنا تھاکہ وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف پارلیمنٹ کی طاقت کو نہیں جانتے ورنہ وہ ایوان اور قوم کے ساتھ ایسا رویہ نہ رکھتے۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان پیپلزپارٹی کسی ریلی یا دھرنے کا حصہ بنتی ہے تو اس کا مقصد جمہوریت کا فروغ ہے کیونکہ ہم ملک میں جمہوریت کے حامی ہیں اور اس کے فروغ کے لیے اپنی خدمات پیش کرنا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھاکہ نوازشریف کو پاناما پیرز سے متعلق اپوزیشن کے سوالات کے جواب ضرور دینے ہوں گے۔ اْن کا کہنا تھا کہ آئندہ اجلاس میں ایوان کے سامنے ملک کو درپیش مسائل اور چیلنجز کو اجاگر کیا جائے گا‘۔ پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ نوازشریف کو بھارتی وزیر اعظم سے ہمیشہ اچھے کی امید رہتی ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے