خبرنامہ پاکستان

پارلیمنٹ کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس جاری

پارلیمنٹ کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس جاری

اسلام آباد: (ملت آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر دفاع خرم دستگیر، سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری دفاع بھی اجلاس میں شریک ہیں۔ خواجہ آصف کی بریفنگ قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے شرکاء کو کابینہ اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا اور بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکی صدر کے بیان پر سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے، امریکا نے پاکستان سے متعلق حقائق کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا افغانستان میں اپنی ناکامی کا ملبہ امریکا ہم پر نہ ڈالے، ہم اپنے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، چار سال سے دہائیوں کا ملبہ صاف کر رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا افغانستان کی جنگ پاکستان میں کسی صورت نہیں لڑ سکتے، 33 ارب ڈالر امداد کا امریکی دعویٰ بے بنیاد ہے۔خیال رہے گزشتہ روز وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی سیاسی قیادت کی جانب سے پاکستان کے خلاف دھمکی آمیزبیانات پر سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاک امریکہ تعلقات کیلئے تباہ کن قرار دیا۔ کابینہ نے ان بیانات کے تناظر میں قومی سلامتی کمیٹی کے موقف اور فیصلوں کی توثیق کر دی۔ کابینہ نے قرار دیا کہ دھشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان نے قیمتی جانوں کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کی تباہی کی صورت میں وہ قربانی دی جس کی مثال اقوام عالم میں نہیں ملتی اور امریکہ کے علاوہ پوری دنیا نے پاکستان کی ان قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔ کابینہ نے افغان مہاجرین کی پاکستان میں رجسٹریشن اوررہائش کے کارڈ میں 30 دن کی توسیع اور سہ فریقی معاہدے میں بھی توسیع کی منظوری دے دی اور فیصلہ کیا کہ پاکستان سے افغان مہاجرین کی جلد وطن واپسی کیلئے اقوام متحدہ کے کمیشن برائے مہاجرین اور عالمی برادری کے ساتھ معاملہ اٹھایا جائے گا۔